Follow Us

آج کا دن کیسا رہے گا

تازہ ترین خبریں

سیلاب متاثرین کیلئے امداد کی اپیل پر بہت اچھا رسپانس ملا ہے، آرمی چیف

 راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سوات کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرہ خواتین، بچوں، بزرگوں اور دیگر لوگوں سے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق متاثرہ افراد کو آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹروں کے ذریعے کمراٹ/کالام سے ریسکیو کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ریسکیو کیے گئے افراد کے ساتھ وقت گزار، اس موقع پر متاثرہ افراد نے بحفاظت واپسی پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نہ صرف وہ بلکہ  اس حوالے ان کے پریشان اہل خانہ بھی کافی مطمئن ہیں، آرمی کی بدولت بحفاظت واپسی ممکن ہوئی، سیلاب میں پھنس جانے پر ان کے اہل خانہ بے صبری سے ان کی منتظر تھے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سوات کے علاقے  کالام، بحرین، خوازہ خیلہ اور مٹہ کے علاقوں سمیت مختلف مقامات پر سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور آرمی کے دستوں کی امدادی سرگرمیوں کا فضائی جائزہ بھی لیا۔

آرمی چیف نے بحران کے دوران موثر اور بروقت حکمت عملی اختیار کرنے اور قیمتی جانیں بچانے پر پشاور کور کو سراہا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف کا  کہنا تھا کہ سیلاب کے شدید نقصانات کی اسسمنٹ ابھی ہونی ہے، سیلاب سے بڑے پیمانے پر ہونے والے نقصانات کی اسسمنٹ کے لیے سروے ضلعی انتظامیہ، صوبائی حکومتیں اور فوج مل کر کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کالام میں کافی نقصان ہوا ہے، پل اور ہوٹل تباہ ہوئے ہیں، دوہزار دس کے سیلاب میں بھی یہاں ایسی ہی تباہی ہوئی اور دوبارہ ان ہی جگہوں پر تعمیرات کی اجازت دے کر غفلت کا مظاہرہ کیا گیا، ذمے داران کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔

جنرل قمر باجوہ کا کہنا تھا کہ سیلاب زدگان کی امداد کے لیے اپیل پر بہت اچھا رسپانس ملا ہے، اس وقت مختلف فلاحی اداروں، سیاسی جماعتوں اور افواج پاکستان نے اپنے ریلیف سینٹر کھولے ہوئے ہیں، این سی او سی کی طرز پر ہیڈ کوارٹر بنایا گیا ہے جہاں امداد کا ڈیٹا اکھٹا ہوگا، ہیڈ کوارٹر سے وزیر منصوبہ بندی امداد ادھر بھجوائیں گے جہاں ضرورت ہوگی۔