Follow Us

آج کا دن کیسا رہے گا

تازہ ترین خبریں

وزیراعظم کا سیلاب متاثرین کی بحالی کیلیے سندھ حکومت کو 15 ارب روپے کی گرانٹ کا اعلان

سکھر: وزیراعظم شہباز شریف نے سندھ میں سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد بحالی کے لیے سندھ حکومت کو 15 ارب روپے کی گرانٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے لیے 15 ارب روپے کی گرانٹ میری جیب سے نہیں، عوام کے ٹیکس کا پیسہ ہے۔ اس وقت ریسکیو اینڈریلیف  کا کام اہم ہے ،بحالی  کاکام  بعدمیں ہوجائے گا۔ افواج پاکستان  ،این ڈی ایم اے ،پی ڈی ایم ،صوبائی حکومتیں اور متعلقہ انتظامیہ کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

متاثرین سیلاب سے ملاقات کرنے کے بعد سکھر بیراج پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلابی ریلوں نے ہر طرف تباہی مچائی ہوئی ہے ۔ سندھ میں تو  ہر طرف پانی ہی  پانی ہے ۔ 900سےزائد لوگ جاں  بحق ہوئے  ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مجھے تباہ کاریوں پر بریفنگ دی گئی۔ ہم نے دیکھا کہ لوگ گھروں سے باہر ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان ،پنجاب اور خیبرپختونخوا  میں بھی  سیلابی صورتحال  ہے ۔ بارشوں اور سیلاب سے فصلیں تباہ،مکانات مہندم ،لوگ بے گھر،مواصلاتی نظام درہم برہم ہے۔ سندھ  حکومت   گرانٹ  کو سیلاب متاثرین کی بحالی میں  استعمال کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبوں سے مل کر سیلاب  زدگان کی مدد  کررہے ہیں۔

متاثرین کے لیے امداد سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ 28ارب روپے   بی آئی ایس پی کو دیے ہیں ۔ آج سے  سندھ میں یہ تقسیم شروع ہوجائے گی۔ بلوچستان میں بھی حالات بہت زیادہ خراب ہیں۔ وزیراعظم نے سندھ حکومت کے لیے 15ارب روپے   گرانٹ کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ سندھ  حکومت    یہ گرانٹ      سیلاب متاثرین  پر خرچ کرے گی۔این ڈی ایم اے   سندھ حکومت کے ساتھ  معاونت کرے گا۔

وزیراعظم نے متاثرین کی ضروریات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مخیر حضرات ،صنعتکار ،تاجر   عطیات دیں۔ ماضی میں بھی ان مخیر حضرات نے اپنا حصہ ڈالا تھا ۔ خیمے   اور مچھر دانیوں کا انتظام کررہے ہیں ۔ جو مچھر دانیاں ملیں  انہیں بلوچستان اور سندھ  میں تقسیم کیں ۔ جب تک متاثرہ افراد اپنے گھروں میں آباد نہیں ہوتے، ہم  چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

آج ہم نے ریلیف کیمپ میں انتظامات کا جائزہ لیا۔ سندھ حکومت متاثرین کے لیے    بہترین کام کررہی ہے ۔ وزیراعظم نے اعلان کیا کہ سیلاب سے جاں بحق افراد کے لواحقین   کو 10،10لاکھ روپے دیے جائیں گے ۔ بلاول بھٹو ، پی ڈی ایم اے اورمتعلقہ   اداروں  پر گرانٹ شفاف طریقے سے استعمال کرنے کی ذمے داری ہے ۔

وزیراعظم نے کہا کہ امیدہے   بحالی کہ اس نیک کام  میں   سب مل  کر حصہ ڈالیں گے ۔ بلاول بھٹو  و،وزیر اعلیٰ  سندھ اور ان کی  ٹیم بہت محنت کررہے ہیں ۔ نقصانات اس قدر ہوئے ہیں جس کا اندازہ لگانا ممکن نہیں ہے۔ خلیجی ،یورپی  اوردوست ممالک کے سفیروں سے ملاقات کی ،ان سے مدد کی اپیل کی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان  موسمیاتی تبدیلی   سے  متاثرہ ممالک میں شامل ہے ۔ سیلابوں سے نجات کے لیے ہمیں  ڈیمز بنانے کی ضرورت ہے ۔  موجودہ صورتحال میں  سیاست نہیں  سیلاب متاثرین کی خدمت کا  وقت ہے ۔