اسلام آباد: چین کی جانب سے پاکستان کا 4 ارب 23 کروڑ ڈالرز کا قرضہ رول اوور کرنے کے بعد سعودی عرب نے بھی بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) میں دستیاب فنڈز کوٹہ پاکستان کو فراہم کرنے پر رضامندی ظاہر کردی۔
پاکستان کیلئے آئی ایم ایف بورڈ سے اگلے اقساط کی منظوری اور آئی ایم ایف پروگرام کی ٹریک پر واپسی یقینی ہوگئی ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ رواں ماہ آئی ایم ایف بورڈ پاکستان کے اقتصادی جائزہ کی منظوری کے ساتھ ہی ایک ارب ستر کروڑ ڈالر کے لگ بھگ مالیئت کی اگلی اقساط کے اجراء کی بھی منظوری دیدے گا۔
اس حوالے سے وزارت خزانہ ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سے آئی ایم ایف میں دستیاب ایس ڈی آر فنڈز کوٹے کے حوالے سے مذاکرات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے جس سے عودی عرب کی جانب سے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) میں دستیاب فنڈز کوٹہ پاکستان کو ملنے کا امکان ہے۔