Follow Us

آج کا دن کیسا رہے گا

تازہ ترین خبریں

وزیراعظم کا آرمی چیف کو فون، ملک میں سیلابی صورتحال پر گفتگو

 اسلام آباد: ملک میں سیلابی صورتحال پر وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز  کو فون کیا اور امدادی کارروائیوں سے متعلق بات چیت کی۔

وزیراعظم اور آرمی چیف نے ملک میں سیلاب متاثرین خاص طور پر صوبہ سندھ میں امداد اور بحالی کی کارروائیوں سے متعلق گفتگو کی، آرمی چیف نے پاک فوج کی جانب سے صوبہ سندھ میں امدادی کارروائیوں میں بھرپور تعاون سے متعلق آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے صوبہ سندھ میں رابطہ سڑکوں اور پلوں کی تباہی کے باعث ہیلی کاپٹرز کی فراہمی کی ہدایت کر دی۔ ہیلی کاپٹرز کے استعمال سے صوبہ سندھ اور بلوچستان میں زمینی رابطہ کٹنے کی وجہ سے ریسکیو اور ریلیف کی فراہمی میں آنے والی مشکلات کو دور کرنے میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کے ریسکیو اور ریلیف کے لیے پاک فوج کے تعاون اور جذبے کو سراہا۔

آرمی چیف نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ کمانڈر سدرن کمانڈ کو بلوچستان میں امدادی کارروائیوں کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔ وزیراعظم نے سندھ میں سیلاب متاثرین کو نقد رقوم کی فوری ادائیگی کے لیے بے نظیر انکم سپورٹ کو ہدایت جاری کر دی۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو صوبہ سندھ میں بارشوں اور سیلاب کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا، انہوں نے حکومت سندھ اور بلوچستان میں امدادی کارروائیوں میں بھرپور تعاون سے متعلق وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو ریسکیو اور ریلیف سے متعلق اقدامات پر بریف کیا۔