Follow Us

آج کا دن کیسا رہے گا

تازہ ترین خبریں

سیلاب سے 24 گھنٹوں میں مزید 75 افراد جاں بحق، ہلاکتیں 1136 ہوگئیں

 اسلام آباد: خیبر پختون خوا اور بلوچستان سمیت ملک بھر میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 75 افراد جان کی بازی ہار گئے، جس کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد 1136 تک پہنچ گئی ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ (این ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق سیلابی ریلوں پھنسے اور مختلف علاقوں سے ریسکیو کیے گئے افراد کی تعداد 51 ہزار 275 ہوگئی ہے جس میں سے 1634 افراد زخمی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بارشوں اور سیلاب کے دوران اب تک 162 پلوں کو نقصان پہنچا ہے، 72 اضلاع بری طرح متاثر ہوئے جب کہ 10 لاکھ 51 ہزار سے زائد مکانات ملیامیٹ ہوگئے اور مجبوعی طور پر 3 کروڑ 30 لاکھ 46 ہزار سے زائد افراد براہ راست سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سیلاب اور بارشوں کے باعث مرنے والے موشیوں کی تعداد 7 لاکھ 35 ہزار سے زائد ہے۔

دوسری جانب دریاؤں اور بیراجز میں خطرناک سیلاب صورتحال تاحال برقرار ہے، ارسا نے ڈیرہ غازی خان، لیہ اور راجن پور میں مزید سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

انڈس ریور سسٹم اتھارٹی کی جانب سے دریاؤں اور بیراجز میں پانی کے بہاؤ اور سیلابی صورتحال سے متعلق تازہ اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں جس کے مطابق دریائے کابل میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب تاہم پانی کا بہاؤ کم ہے۔

ارسا کے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دریائے کابل میں پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 58 ہزار 300 کیوسک ہے۔

انڈس ریور سسٹم اتھارٹی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تونسہ بیراج میں بہاو مزید بڑھ گیا اور دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر بھی انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔

ارسا کے مطابق تونسہ سے اس وقت 6 لاکھ 22 ہزار 100 کیوسک کا ریلہ گزر رہا ہے جب کہ گزشتہ روز 5 لاکھ 58 ہزار کا ریلہ گزر رہا تھا۔