Follow Us

آج کا دن کیسا رہے گا

تازہ ترین خبریں

پولیس افسران اور ایڈیشنل سیشن جج کو دھمکی دینے پر عمران خان کیخلاف مقدمہ درج

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف ایڈیشنل سیشن جج اور پولیس افسران کو دھمکیاں دینے پر دہشت گردی کی دفعہ 7 اے ٹی اے کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔ 

مقدمہ مجسٹریٹ علی جاوید کی مدعیت میں تھانہ مارگلہ میں درج کیا گیا۔ خیال رہے کہ عمران خان نے ایڈیشنل سیشن جج اور پولیس افسران کو دھمکیاں دیں تھیں۔

’ایف آئی آر‘ کے مطابق مجسٹر یٹ علی جاوید نے موقف اپنایا کہ میں اپنے گن مین کے ہمراہ اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں شہباز گل کی رہائی کے لیے منعقدہ پی ٹی آئی کی ریلی میں تھا جس کی قیادت عمران خان کررہے تھے اور اپنی تقریر میں ایڈیشنل سیشن جج اور اعلیٰ ترین افسران کو ڈرانا اور دھمکانا شروع کردیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’عمران خان کا مقصد پولیس کے اعلیٰ حکام اور عدلیہ کو دہشت زدہ کرنا تھا تاکہ پولیس اور عدلیہ اپنی قانونی ذمہ داریاں پوری نہ کرسکیں‘۔

مجسٹریٹ علی جاوید نے ایف آئی آر کے لیے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ عمران خان کی تقریر سے پولیس حکام، عدلیہ اور عوام میں کوف و ہراس پھیل گیا ہے اور عوام الناس میں بے چینی، بدامنی اور دہشت پھیلی ہے اور ملک کا امن تباہ ہوا ہے‘۔

واضح رہے کہ عمران خان نے اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں شہباز گل کی رہائی کے لیے منعقدہ ریلی میں خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد کی مقامی عدالت کی مجسٹریٹ زیبا چوہدری ، آئی جی اسلام آباد اور ڈی آئی جی کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’ہم تمھیں دیکھ لیں گے اور تمھارے خلاف کارروائی کریں گے‘۔