مانسہرہ: ملک کے مختلف علاقوں میں ہونے والی موسلا دھار بارشوں اور سیلاب کے باعث مرنے والوں کی تعداد 1136 ہوگئی جب کہ متاثرین کی مجموعی تعداد 3 کروڑ 30 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں، اب تک 10 لاکھ 51 ہزار گھر تباہ ہوئے جبکہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 75 افراد جاں بحق اور 57 زخمی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق 24گھنٹوں کے دوران جاں بحق افراد میں 27 بچے 31 مرد ،17خواتین شامل ہیں، سیلاب سے جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد 386 تک پہنچ گئی جبکہ 227 خواتین اور 501 مرد شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 24گھنٹے کے دوران مزید58ہز ار 699گھروں کو نقصان پہنچا ،8231لائف اسٹاک سیلاب کی نظر ہو گئے، جس کے بعد متاثرہ گھروں کی تعداد 10 لاکھ 51 ہزار تک پہنچ گئی۔ صوبائی سطح پر اگر اعداد و شمار کی بات کی جائے تو سندھ میں 8 لاکھ84ہزار جبکہ پنجاب میں 58ہزار مکمل تباہ ہوگئے۔ سیلاب کے باعث لاکھوں ایکڑ پر کھڑی اراضی مکمل تباہ ہوگئی۔
این ڈی ایم اے کے مطابق سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پھنسے ہوئے 4 لاکھ 98 ہزار 442 افراد کو ریسکیو کیا گیا ہے۔ سیلابی ریلوں کی زد میں آنے سے 24 گھنٹے کے دوران مزید 7586 جانور ہلاک ہوئے جس کے بعد لقمہ اجل بننے کے والے مویشیوں کی مجموعی تعداد 7 لاکھ 27 ہزار 144 ہوگئی جب کہ 1 روز میں مزید 43013 مکانات تباہ ہوئے جس کے بعد تباہ شدہ مکانوں کی تعداد 10 لاکھ 51 ہزار سے تجاوز کرگئی۔