لاہور: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سابق فاتح کپتان یونس خان نے کہا ہے کہ بابر اعظم اور ٹیم انتظامیہ کو اظہر علی اور فواد عالم کی ناقص فارم کے باوجود ان کی حمایت اور حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ دونوں کھلاڑیوں کا ٹریک ریکارڈ اچھا ہے اور وہ اپنی فارم کے ساتھ مسلسل جدوجہد کررہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ان کھلاڑیوں کی حالیہ پرفارمنس کو نظر انداز کرکے ان کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔
یونس خان نے کہا کہ ہمیں فواد اور اظہر علی جیسے کھلاڑیوں کے ساتھ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے، فواد عالم نے کھیل میں شان دار کم بیک کیا ہے تاہم وہ فارم میں نہیں ہیں، ٹیم انتظامیہ کو اس وقت کا ساتھ دینے کی ضرورت ہے۔