الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کی ڈیزاسٹر ریلیف کمیٹی کا اجلاس منعقد ہواجس میں بارش وسیلاب متاثرین کے لئے جاری الخدمت کی امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں بتایاگیا کہ الخدمت سندھ بھر کے متاثرہ علاقوں میں سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے، اب تک کروڑوں روپے مالیت کا راشن، خیمے ،ادویات اور دیگر ضروری سامان پہنچایاجاچکا ہے۔
اجلاس میں بتایاگیا کہ تمام اضلاع میں الخدمت کچن، صاف پانی کی فراہمی ،فری میڈیکل کیمپس اور خیمہ بستیوں کا سلسلہ مزید بڑھادیاگیا۔ الخدمت کے رضاکار نواب شاہ، ٹھٹھہ، نوری آباد، شہداد کوٹ، جامشورو،بدین سانگھڑ،ٹنڈو محمد خان سمیت تمام سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کی ہر ممکنہ مدد کے لئے کوشاں ہیں۔
الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کے صدر ڈاکٹر تبسم جعفری نے ذمہ داران کو امدادی سرگرمیاں مزید تیز کرنے کی ہدایات دیتے ہوئےکہا کہ سیلاب زدگان کی مکمل بحالی تک امدادی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ مخیرحضرات بے سروسامانی کی حالت میں موجود متاثرین کی بھرپورد مدد جاری رکھیں۔