Follow Us

آج کا دن کیسا رہے گا

تازہ ترین خبریں

ناردن بائی پاس پر بدترین لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

کراچی: بلدیہ ناردرن بائی پاس پر علاقہ مکینوں نے بدترین لوڈ شیڈنگ اور پانی کی عدم دستیابی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک معطل کر دیا۔

بلدیہ ٹاؤن 4 نمبر حب ریور روڈ ناردرن بائی پاس پر علاقہ مکینوں ںے احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک معطل کر دیا جس کے باعث گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔

اس موقع پر احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے ہمیں سڑکوں پر آکر احتجاج پر مجبور کر دیا ہے ، گرمی اور حبس میں گھر کے اندر رہنا محال ہوگیا ہے خصوصاً خواتین ، بچے اور بزرگ بجلی کی عدم فراہمی کی وجہ سے شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

مظاہرین کاکہنا تھا کہ بجلی کی عدم فراہمی کے ساتھ ساتھ پانی کے بحران کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ عام تعطیل کے باوجود بجلی کی لوڈشیڈنگ حیران کن ہے۔

احتجاج میں شریک مظاہرین کا کہنا تھا نیپرا حکام بھی کے الیکٹرک انتظامیہ کے سامنے بے بس دکھائی دیتے ہیں جبکہ کے الیکٹرک کو بجلی کے فی یونٹ میں اضافے کے ساتھ ساتھ فیول ایڈجسمنٹ کی منظوری بھی دی جا رہی ہے جو بلوں میں لگا کر صارفین سے وصول کیے جا رہے ہیں لیکن اس کے باوجود شہر بھر میں دن اور رات میں اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو اعصاب شکن صورتحال سے دوچار کیا ہوا ہے۔

احتجاج کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو مذاکرات کے بعد پرامن طور پر منتشر کر کے ٹریفک بحال کرا دیا۔