اسلام آباد: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے 1 ارب 16 کروڑ ڈالر کی قسط موصول ہونے کی تصدیق کردی۔
اسٹیٹ بینک نے آئی ایم ایف کی طرف سے 1 ارب 16 کروڑ ڈالر کی قسط موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر رقم موصول ہونے کے بعد 9 ارب تیس کروڑ ڈالرز سے تجاوز کرگئے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کو آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی جانب سے پاکستان کے لیے توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کے تحت مشترکہ ساتویں اور آٹھویں جائزے کو مکمل کرنے کے بعد قسط موصول ہوئی۔
واضح رہے کہ پیر کوآئی ایم ایف بورڈ نے پاکستان کے قرض پروگرام میں جون 2023 تک توسیع کی منظوری دینے اور قرض پروگرام 6 ارب ڈالر سے بڑھا کر ساڑھے 6 ارب ڈالر کرنے کا اعلان کیا تھا۔