پیرس: پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر عالمی جونئیر ٹیم اسکواش چیمپئین شپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے۔
فرانس میں جاری چیمپئین شپ کے کوارٹر فائنل میں سیڈ 3 پاکستان نے سیڈ 6 بھارت کے خلاف کامیابی پاکر سیمی فائنل میں قدم رکھ دیا۔
چیمپئین شپ کے 3 میچز پر مشتمل کوارٹر فائنل کے پہلے مقابلے میں نور زمان نے مد مقابل کرشنا مشرہ کو کسی دقت کے بغیر 0-3 سے شکست دے کر پاکستان کو 0-1 کی سبقت دلوادئی، دوسرے سنسنی خیز میچ میں محمد حمزہ خان نے سخت تگ و دو کے بعد ارناو سارین کو 2-3 سے قابو کرکے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کر دیا۔
ایک موقعہ پر حمزہ نے 6-11 اور 10-12 سے کامیابی پاکر میچ میں 0-2 کی برتری حاصل کرلی تھی تاہم بھارتی حریف نے اگلے دونوں گیمز 1-11 اور 6-11 سے اپنے نام کرکے مقابلہ 2-2 کردیا، تاہم حمزہ نے 5 واں اور فیصلہ کمن گیم 5-11 سے جیت لیا۔