اسلام آباد: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ کے 23 اور بلوچستان کے 30 اضلاع ڈوبے گئے، یہ پانی مہینوں تک مشکل سے نکلے گا فی الحال فوری طور پر کہیں سے پانی نکالا جانا ممکن نہیں ہے۔
یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں پاکستان کی جانب سے اقوام متحدہ فلیش اپیل کے بعد اقوام متحدہ کی ریزیڈنٹ کوآرڈی نیٹر جولین ہارنس کے ساتھ پریس بریفنگ میں کہی۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آج پاکستان فلڈ رسپانس پلان لانچ کیا گیا ہے، سیلاب سے ملک بھر میں 33 ملین لاکھ لوگ متاثر ہوئے، حکومت نے ملک بھر کے کئی اضلاع میں فلڈ ایمرجنسی لگا رکھی ہے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے متاثرین کو 25 ہزار کیش ریلیف دے رہے ہیں۔
انہوں ںے کہا کہ ملک میں جیسا سیلاب اب آیا ہے اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی، موسمیاتی تبدیلی کے باعث بارشوں میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہوا، پاکستان کو ان غیر معمولی حالات میں عالمی برادری کی مدد کی ضرورت ہے، اقوام متحدہ اور بہت سے دوست ممالک کی موجودہ حالات میں امداد موصول ہوچکی ہے۔
بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ ملک بھر میں 72 اضلاع کو آفت زدہ قرار دیا گیا ہے، ایک ملین سے زیادہ گھر متاثر ہوئے، 2 ملین ایکڑ فصلیں تباہ ہوئیں، ہم نے 35 ارب روپے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے متاثرین میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا، مکمل تباہ ہونے والے گھروں کے لیے 5 ہزار روپے فوری دئیے جائیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس وقت حکومت کی امداد کی ڈیمانڈ استعداد سے بھی بڑھ کر ہے، دوست ممالک کی مدد سے ہماری استعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، وفاقی حکومت نے کل جن فیصلوں کا اعلان کیا، یہ پرانے فیصلے ہیں، گلگت بلتستان، پنجاب سمیت جہاں جہاں مدد کی ضرورت ہوگی، وفاقی حکومت کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا اور سری لنکا کی آبادی سے بڑھ کر لوگ یہاں متاثر ہوئے ہیں، ہمارے ملک میں صلاحیت نہیں ہے کہ فوری طور پر خیمے تیار کرسکیں، سیلاب اور بارشوں میں کھانا پکانے کی جگہ تک نہیں تھی، اس لیے پکا ہوا کھانا فراہم کر رہے تھے۔