الخدمت فاؤنڈیشن سندھ بھر کے بارش وسیلاب متاثرین کی امداد وبحالی کے لئے کروڑوں روپے خرچ کر چکی ہے، حیدرآباد، سانگھڑ، لاڑکانہ، ٹھٹہ، سکھر، نواب شاہ اور دادو سمیت سندھ بھر کے بارش و سیلاب سے متاثرہ 27 اضلاع میں الخدمت کے رضاکار متاثرین کی امداد و بحالی کے کاموں میں دن رات کوشاں ہیں۔
الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر ڈاکٹر تبسم جعفری نے پریس بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ الخدمت کی جانب سے سیلاب زدگان کےلئے پانچ ہزار سے زائد خیمےاورترپال بھیجے جاچکے ہیں جس سے پچیس ہزار سے زائد متاثرین کو سر چھپانے کا آشیانہ میسر آیا ۔ دو ہزار سے زائدراشن بیگ کی فراہمی کے ساتھ تمام متاثرہ اضلاع میں روزانہ کی بنیاد پر الخدمت کچن سے 80 ہزار سے زائد متاثرین کو کھانا فراہم کیا جارہاہے۔
الخدمت واٹر فلٹریشن پلانٹس کے ذریعے متاثرین کو صاف پانی کی فراہمی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ سیلابی پانی میں پھنسے 4 ہزار سے زائد متاثرین کو الخدمت کے رضاکاروں نے ریسکیو کیا اور محفوظ مقامات پر پہنچایا۔ بار ش او رسیلاب کے بعد متاثرہ علاقوں میں مختلف بیماریاں پھیل چکی ہیں، الخدمت کی جانب سے 32 سے زائد مقامات پر فری میڈیکل کیمپ لگائے جارہے ہیں جس میں روزانہ ہزاروں مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی جارہی ہیں اسی طرح متاثرہ علاقوں میں مچھر مار اسپرے بھی کیا جارہاہے ۔
ڈاکٹر تبسم جعفری کا کہنا تھا کہ بارش اور سیلاب جیسی قدرتی آفات میں الخدمت ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔ متاثرین کی مکمل بحالی تک الخدمت کے رضا کار امدادی سرگرمیوں میں مصروف رہیں گے۔ انہوں نے کہا کے مخیر حضرات آگے بڑھیں اورمشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کی امداد کےلئے الخدمت کا ساتھ دیں۔