نئی دہلی: رواں برس مارچ میں بھارتی میزائل پاکستانی حدود میں گرنے کی واقعے کی تحقیقات کے نتیجے میں انڈین ایئرفورس نے اپنے 3 افسران کو برطرف کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مارچ میں ہریانہ کے ایک فضائی اڈے سے چلنے والے براہموس میزائل کے پاکستان کی حدود میں گرنے کے واقعے کی تحقیقات مکمل ہوگئی ہے جس کی روشنی میں انڈین ایئر فورس کے گروپ کیپٹن، ونگ کمانڈر اور اسکواڈرن لیڈر کو برطرف کردیا گیا۔
واقعے کی تفتیش کرنے والے انڈین ایئر فورس کے کورٹ آف انکوائری نے اپنی رپورٹ میں اعتراف کیا کہ معیاری آپریٹنگ پروسیجرز سے انحراف کی وجہ سے میزائل غلطی سے فائر کیا گیا جس کے ذمہ دار تینوں افسران کو بطور سزا برطرف کیا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ 9 مارچ کی رات کو میاں چنوں میں ایک زور دار دھماکے کی آواز آئی جو ایک میزائل گرنے کی تھی اور جسے پہلے علاقہ مکینوں نے کوئی طیارہ گرنا سمجھا تھا۔